Tafseer e Namoona

Topic

											

									  مومنین کے نمایاں اوصاف

										
																									
								

Ayat No : 1-11

: المؤمنون

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَٰنِ الرَّحِيمِ قَدْ أَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ ۱الَّذِينَ هُمْ فِي صَلَاتِهِمْ خَاشِعُونَ ۲وَالَّذِينَ هُمْ عَنِ اللَّغْوِ مُعْرِضُونَ ۳وَالَّذِينَ هُمْ لِلزَّكَاةِ فَاعِلُونَ ۴وَالَّذِينَ هُمْ لِفُرُوجِهِمْ حَافِظُونَ ۵إِلَّا عَلَىٰ أَزْوَاجِهِمْ أَوْ مَا مَلَكَتْ أَيْمَانُهُمْ فَإِنَّهُمْ غَيْرُ مَلُومِينَ ۶فَمَنِ ابْتَغَىٰ وَرَاءَ ذَٰلِكَ فَأُولَٰئِكَ هُمُ الْعَادُونَ ۷وَالَّذِينَ هُمْ لِأَمَانَاتِهِمْ وَعَهْدِهِمْ رَاعُونَ ۸وَالَّذِينَ هُمْ عَلَىٰ صَلَوَاتِهِمْ يُحَافِظُونَ ۹أُولَٰئِكَ هُمُ الْوَارِثُونَ ۱۰الَّذِينَ يَرِثُونَ الْفِرْدَوْسَ هُمْ فِيهَا خَالِدُونَ ۱۱

Translation

یقینا صاحبانِ ایمان کامیاب ہوگئے. جو اپنی نمازوں میں گڑگڑانے والے ہیں. اور لغو باتوں سے اعراض کرنے والے ہیں. اور زکوِ ادا کرنے والے ہیں. اور اپنی شرمگاہوں کی حفاظت کرنے والے ہیں. علاوہ اپنی بیویوں اور اپنے ہاتھوں کی ملکیت کنیزوں کے کہ ان کے معاملہ میں ان پر کوئی الزام آنے والا نہیں ہے. پھر اس کے علاوہ جو کوئی اور راستہ تلاش کرے گا وہ زیادتی کرنے والا ہوگا. اور جو مومنین اپنی امانتوں اور اپنے وعدوں کا لحاظ رکھنے والے ہیں. اور جو اپنی نمازوں کی پابندی کرنے والے ہیں. درحقیقت یہی وہ وارثان هجنتّ ہیں. جو فردوس کے وارث بنیں گے اور اس میں ہمیشہ ہمیشہ رہنے والے ہیں.

Tafseer

									پہلے بیان کیا جاچکا ہے کہ اس سورہ کا نام اس کی ابتدائی آتیوں کی وجہ سے ہے، جو مومنین کی خصوصیات پُرمغز اور بامعنی چھوٹے چھوٹے جملوں میں بیان کرتی ہیں ۔
توجہ طلب نکتہ یہ ہے کہ مومنین کے اوصاف کے بیان سے پہلے ان کی پُرکیفیت اور مایہٴ ناز زندگی پر ورشنی ڈالی گئی ہے، تاکہ دلوں میں اس بلند وبالا مرتبے کو حاصل کرنے کا ذوق وشوق پیدا ہو، سب سے پہلے فرمایا گیا ہے: مومنین کامیاب ہوگئے اور ہر لحاظ سے اپنے مقصد کو پاگئے (قَدْ اٴَفْلَحَ الْمُؤْمِنُونَ) ۔
”اٴَفْلَحَ“ ”فلح“ اور ”فلاح“ سے ہے، اس کے اصلی معنیٰ چیرنا اور پھیڑنا ہیں، اس کے علاوہ ہمہ جہت کامیابی حاصل کرنا مقصد کو پالینا اور خوش نصیب ہونا بھی اس مفہوم میں شامل ہے، دراصل جتنے افراد کامیاب نجات یافتہ اور خوش بخت ہوتے ہیں، وہ ہرقسم کی رکاوٹوں کو چیر کر ہی اپنی منزل کامیابی کی راستہ بناتے ہیں ۔
البتہ فلاح اور کامیابی مادی اور معنوی دونوں پہلووٴں پر محیط ہے اور مومنین کے لئے دونوں جہات مراد ہیں ۔
دنیاوی کامرانی و کامیابی یہ ہے کہ انسان آزاد، سربلند، مستحکم اور بے نیاز ہے اور ایمان کے بغیر یہ مقام حاصل نہیں ہوا کرتا، اُخروی کامیابی یہ ہے کہ الله کے جوارِرحمت میں اچھے ساتھیوں اور ابدی نعمتوں میں باوقار اور سربلند رہے، راغب اپنی کتاب ”مفردات“ میں لکھتے ہیں:
دنیاوی فلاح تین چیزوں میں مضمر ہے: 
۱۔بقاء ۲۔بے نیازی ۳۔عزت ووقار 
اور فلاح اُخروی چار چیزوں میں ہے:
۱۔بقاء غیرفانی ۲۔ہرقسم کی احتیاج سے بے نیازی ۳۔ہمہ جہت وقار اور عزّت ۴۔ہر قسم کی جہالت سے نجات دینے والا علم۔
اس کے بعد مومنین کے اوصاف میں سب سے پہلے نماز کی طرف اشارہ کیا جارہاہے: وہ ایسے لوگ ہیں جو عالم نماز میں سراپا عجز وانکساری بنے ہوئے ہوتے ہیں (الَّذِینَ ھُمْ فِی صَلَاتِھِمْ خَاشِعُونَ) ۔
”خَاشِعُونَ“ ”خشوع“ سے ہے، اس کا معنیٰ جسمانی اور ذہنی عجز وانکساری ہے، یہ لفظ اس حالت کو بیان کرتا ہے جو ایک بزرگ وبرتر کی موجودگی میں کسی شخص میں پیدا ہوتی ہے، اس کے اعضاء وجوارح سے ظاہر ہوتی ہے ۔
توجہ طلب نکتہ یہ ہے کہ قرآن مجید مومنین کے نماز پڑھنے کو اس کی علامت شمار نہیں کرتا بلکہ نماز میں عجز و انکساری کو ان کی خصوصیت قرار دیتا ہے، یعنی یہ واضح کرتا ہے کہ مومنین کی نماز بے معنیٰ اور بے روح حرکات وسکنات نہیں، بلکہ عالمِ نماز میں وہ پوری طرح الله کی طرف متوجہ ہوتے ہیں، غیرالله سے مکمل طور پر منقطع ہوتے ہیں، اور صرف ذات پرودگار عالم سے رشتہ جوڑے ہوئے ہوتے ہیں، ایسے میں وہ ذہنی اور جسمی طور پر اپنے پالنے والے سے راز ونیاز کرتے ہوئے عالم استغراق میں کچھ اس طرح کھوجاتے ہیں، کہ ان کے بدن کے ہر ایک عضو پر اس کا اثر ہوتا ہے، وہ ذاتِ لامتناہی کے مقابلے میں اپنے کوایک ذرّہ اور بحرِ ناپیدا کنار کے مقابلے میں ایک قطرہ سمجھنے لگتے ہیں، نماز کے لمحات ان کے لئے تہذیب نفس اور تربیت روح کا بہترین ذریعہ ہوتے ہیں ۔
پیغمبر اکرم صلی الله علیہ وآلہ وسلم سے روایت ہے کہ آپ نے ایک شخص کو حالت نماز میں اپنی ڈاڑھی سے کھیلتے ہوئے دیکھا، آپ نے فرمایا:
”اٴَ مَا اٴنّہ لَو خَشَعَ قَلْبَہُ لَخَشَعَت جَوَارِحَہُ“.
”اگر اس کا دل حالت عجز میں ہوتا کہ اس کے اعضاء بھی ہوتے“۔
یہ روایت اس حقیقت پر روشنی ڈال رہی ہے کہ نماز میں خشوع، ایک باطنی کیفیت ہے جو ظاہر پر اثر انداز ہوتی ہے، عظیم ہادیانِ اسلام عالمِ نماز میں اس درجہ خضوع وخشوع میں ہوتے تھے کہ غیرالله سے بالکل بیگانہ ہوجاتے تھے ۔ ایک حدیث میں ہے کہ اس آیت کے نزول سے پہلے کبھی پیغمبر اسلام حالتِ نماز میں آسمان کی طرف دیکھ لیا کرتے تھے، مگر اس آیت کے نزول کے بعد آپ ہمیشہ اپنی نظریں زمین کی طرف رکھتے تھے(1) ۔ 
عالمِ نماز میں عجز وانکساری کے ۔ذکر کے بعد مومنین کی دوسری صفت بیان کرتے ہوئے ارشاد ہوتا ہےے نیز وہ ہر قسم کی بیہودگی سے منھ موڑے ہوئے ہوتے ہیں (وَالَّذِینَ ھُمْ عَنْ اللَّغْوِ مُعْرِضُونَ) ۔
در اصل مومنین کی زندگی کی تمام حرکات وجہات، مقصد اور نصب العین کے حصول کے لئے ہیں اور مقصد بھی تعمیری اور مفید کیونکہ لغو کا مطلب بے مقصد یا وہ مقصد جس کا نتیجہ برآمد نہ ہو، بقول عظیم مفسروں کے لغو کے مندرجہ ذیل معانی ہیں:
۱۔باطل ۲۔گناہ ۳۔جھوٹ ۴۔گالی یا جوابی گالی ۵۔موسیقی اور گانا بجانا ۶۔شِرک
مندرجہ بالا سب کے سب معانی مجموعی اور کلی معنیٰ کا حصّہ ہیں ۔ ”لغو“ میں صرف بیہودہ باتوں اور افعال کا مفہوم ہی نہیں پایا جاتا، بلکہ وہ بیہودہ باتیں یا وہ فضول قسم کے افعال جو انسان کو الله کی یاد سے غافل کردیں ۔ نیز معقول اور مفید امور پر غور وفکر کرنے کا موقع نہ دیں ۔ سب لغو کے مفہوم میں شامل ہیں ۔
درحقیقت مومنین ایسے تربیت یافتہ لوگ ہیں، جونہ صرف باطل افکار، بیہودہ گفتگو اور فضول کاموں میں سے مشغول نہیں ہوتے، بلکہ ان سے منھ موڑے ہوئے ہوتے ہیں ۔ اس کے بعد مومنین کی تیسری صفت بیان کی گئی ہے جو معاشرتی اور مادی پہلو رکھتی ہے، ارشاد ہوتا ہے وہ ایسے لوگ ہیں جو زکوٰة دیتے ہیں (وَالَّذِینَ ھُمْ لِلزَّکَاةِ فَاعِلُونَ)(2).
ہم بالا سطور میں بیان کر آئے ہیں کہ چونکہ یہ سورت مکّی ہے اور مکّہ میں عام زکوٰة کا حکم نہیں آیا تھا، لہٰذا مفسرین نے اس آیت کی تفسیر کے ذیل میں مختلف خیالات کا اظہار کیا ہے ۔
۳۔ یہاں ”زکٰوة “ مصدری معنیٰ رکھتی ہے اسی لئے بعد میں ”فاعلون“ آیا ہے، مگر بعض مفسرین نے زکوٰة کے مشہور معنی ہی سمجھے ہیں، یعنی اپنے مال میں سے ایک معیّن مقدار، راہِ خدا میں خرچ کرنا، اس صورت میں ”فاعلون“یعنی ”موٴدون“ (ادا کرنے والا) ہوگا ۔
ہماری نظر میں صحیح بات یہ ہے کہ اس آیت میں زکوٰة کا حکم واجب زکوٰة کے لئے مخصوص نہیں ہے، بلکہ مستحبی زکاتیں شریعت اسلام میں بکثرت جس زکوٰة کا حکم مدینہ میں آیا وہ واجب تھی، لیکن، مستحبی زکوٰةکا حکم مدینہ سے پہلی ہی آچکا تھا ۔
بعض مفسرین کے بقول مکّہ میں بھی واجب زکٰوة کا حکم تھا مگر نصاب مقرر نہ تھا، مسلمان پابند تھے کہ اپنے مال میں سے کچھ مقدار محتاجوں اور ضرورتمندں کو دیں، جب مدینہ میں اسلامی حکومت کی داغ بیل ڈالی گئی ”بیت المال“ تشکیل دیا گیا اور ایک مالی نظام کے طور پر ”زکات“ کا سلسلہ شروع کیا گیا جب نصاب مقرر ہواور پیغمبر اکرم صلی الله علیہ وآلہ وسلّم کی طرف سے ملک مختلف حصوں میں عمّال بھیجے گئے تاکہ حکومتی سطح پر زکات جمع کرسکیں ۔
البتہ فخر الدین رازی اور آلوسی جیسے مفسرین نے اور راغب نے اپنی کتاب ”مفردات“ میں لکھا ہے کہ اس آیت میں زکات سے مراد ہر قسم کا کارِخیر، تزکیہ اور تہذیب نفس ہے مگر ہماری نظر میں یہ بعید بات ہے، کیونکہ قرآن مجید کے اسلوب کے تحت جہاں بھی نماز اور زکات اکھٹے ذکر ہوئے ہیں وہاں زکات سے مراد مالی خرچ ہے، لہٰذا یہاں بھی زکات راہ خدا خرچ کرنے کے معنی میں ہے، اس کے علاوہ کوئی اور معنی کرنے کے لئے قرینے کی ضرورت ہے جو یہاں مفقود ہے ۔
مومنین کی چوتھی صفت پاکدامنی، عفّت اور ہرقسم کے غیر قانونی جنسی اختلاط سے پرہیز ہے ارشاد ہورہا ہے، وہ ایسے لوگ ہیں جو اپنی شرمگاہ کو بے حیائی سے محفوظ رکھتے ہیں (وَالَّذِینَ ھُمْ لِفُرُوجِھِمْ حَافِظُونَ) (3) ۔ 
البتہ اپنی بیویوں، کنیزوں سے جنسی تلذذ حاصل کرتے ہیں اور ایسا کرنے میں وہ کسی طرح بھی قابل ملامت نہیں ہیں (إِلاَّ عَلیٰ اٴَزْوَاجِھِمْ اٴوْ مَا مَلَکَتْ اٴَیْمَانُھُمْ فَإِنَّھُمْ غَیْرُ مَلُومِینَ) ۔
نفسانی خواہشات میں جنسی خواہش، بڑی طاقتور اور سرکش ہے، لہٰذا اس پر قابو پانے کے لئے قوی ایمان اور بلند درجے کے تقویٰ کی ضرورت ہے، اس نکتے پر روشنی ڈالتے ہوئے بعد کی آیت میں ارشاد ہورہا ہے: جو شخص (قانونی تلذذِ جنسی) کے علاوہ کوئی اور طریقہ اختیار کرے، وہی حد سے تجاوز کرنے والا ہے (فَمَنْ ابْتَغَی وَرَاءَ ذٰلِکَ فَاٴُوْلٰئِکَ ھُمَ الْعَادُونَ) ۔
”شرمگاہ کی حفاظت“ کی اصطلاح اس حقیقت کو آشکار کررہی ہے، اگر جنسی خواہش کو دبانے کے لئے نفس کی مسلسل اور برابر نگرانی نہ کی جائے تو جنسی بے راہ روی کا زبردست اندیشہ ہے ۔
”بیویوں“ سے مراد دائمی اور وقتی دونوں ازدواج ہیں، البتہ بعض اہل سنّت مفسرین اس مسئلے میں ایک بڑی غلط فہمی کا شکار ہوئے ہیں، جس کا ذکر آگے آئے گا ۔

”غیر ملومین“ (وہ قابل ملامت نہیں ہیں) کی اصطلاح شاید گمراہ عیسائیوں کے باطل افکار کی طرف اشارہ کررہی ہے، بعض عیسائی جو اصل مذہب عیسائیت سے منحرف ہوچکے ہیں، یہ نظریہ رکھتے ہیں کہ ہر قسم کا جنسی اختلاط حرام ہے اور انسانی شرف کے منافی ہے اور اسے ترک کرنا انسان کی شان تصور کرتے ہیں، یہی وجہ ہے کہ ان میں ”رومن کیتھولک“ فرقے کی عورتیں اور مرد تارک الدنیا ہوتے ہیں اور کنوارپن میں ہی زندگی بسر کرتے ہیں، اور شادی کو روحانی منصب کے خلاف تصور کرتے ہیں (اگرچہ درپردہ وہ جنسی تسکین کے کئی راستے اپناتے ہیں) عیسائی مصنفین نے خود اس عنوان سے جو کتابیں لکھی ہیں وہ پادریوں اور راہباوٴں کے جنسی اختلاط کے واقعات سے بھری پڑی ہیں (4) ۔ 
بہرحال یہ ناممکنات میں سے ہے کہ جو فطری میلان اور خواہش ایک بہترین نظام کے اہم جزو کے طور پر پیدا کیا جائے اور پھر اس کی تسکین کو حرام سمجھا جائے یا اسے انسانی شرف کے منافی سمجھا جائے ۔
یہ بتانے کی چندان ضرورت نہیں ہے کہ بیوی کی علت کے سلسلے میں بعض استثنائی مواقع پر قربت سے ممانعت مثلاً ان کے ماہانہ مخصوص ایّام میں اصل مسئلہ سے کوئی تضاد نہیں رکھتا، کنیزوں کے حلال ہونے کے مسئلے میں بھی بعض شرائط عائد کی گئی ہیں، جن کا ذکر فقہی کتابوں میں موجود ہے، یُوں نہیں ہر کنیز ہر مالک پر ہر حالت میں حلال ہو ۔
بہت سے پہلووٴں اور حالات کے اعتبار سے کنیزوں کی شرائط بیویوں کی شرائط سے ملتی جلتی ہیں ۔
زیرِ بحث آٹھویں آیت میں مومنین کی پانچویں اور چھٹی صفت کا ذکر کرتے ہوئے ارشاد ہوتا ہے: وہ ایسے لوگ ہیں جو امانتیں لوٹاتے ہیں اور وعدہ وفا کرتے ہیں (وَالَّذِینَ ھُمْ لِاٴَمَانَاتِھِمْ وَعَھْدِھِمْ رَاعُونَ) ۔
امانتوں کی حفاظت اور ان کا صحیح وسالم مالک کو لوٹانا اپنے وسیع تر مفہوم میں مومنین کی نمایاں صفت ہے اور اس طرح خالق ومخلوق سے کئے گئے وعدوں کو نبھانا بھی امانت کے وسیع تر مفہوم میں الله اور انبیاءعلیہ السلام کی امانتیں بھی شامل ہیں، اسی طرح لوگوں کی امانتیں بھی اس میں آتی ہیں ۔ الله کی انگنت نعمتوں میں سے ہر ایک اس کی امانت ہے، دین، قانون الٰہی، آسمانی کتابوں، دینی راہنماوٴں کی ہدایات سب کی سب امانتیں ہیں ۔ اور اس طرح اولاد، مال منصب اور مقام بھی مومنین ساری زندگی ان امانتوں کی حفاظت کرتے ہیں اور ان کی ادائیگی کے لئے کوشاں رہتے ہیں اور دنیا سے جاتے ہوئے اپنی شریف النفس نسل جسے انھوںنے ان کی حفاظت کے لئے تربیت کیا ہوتا ہے کے سپرد کردیتے ہیں ۔
لفظ ”امانت“ کی عمومیت کی دلیل لفظ وسعت اور اطلاق کے علاوہ، امانت کے مفہوم کے بارے میں متعدد روایات بھی ہیں، جو امانت کی تفسیر بیان ہوئی ہیں ۔ کبھی امانت سے مراد آئمہ معصومین علیہم السلام کی امانت ہے جیسے ایک امام دُنیا سے جاتے ہوئے اپنے بعد کے امام کے سپرد کرتا ہے ۔ (5) اور کبھی مطلقاً ”ولایت وحکومت“۔
امام باقر اور امام صادق علیہما السلام کے متعمد علیہ شاگرد جناب زرارہ سورہٴ نساء آیت نمبر۵۸ <اٴَنْ تُؤَدُّوا الْاٴَمَانَاتِ إِلیٰ اٴَھْلِھَاکی تفسیر کے ذیل میں فرماتے ہیں:
یہاں امانت سے مراد حکومت وولایت ہے، جس کو اس کے اہل کے سپرد کرنے کا حکم دیا ہے (6)۔ 
اس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت وولایت اہم ترین امانت ہے، جسے اس کے اہل کے سپرد کرنا کرنا چاہیے، اسی طرح عہد وپیمان نبھانے کے لئے عمومی دلیل بھی قرآن مجید کی دیگر آیات میں بیان کی گئی ہیں، منجملہ فرمایا گیا ہے:
<وَاٴَوْفُوا بِعَھْدِ اللهِ إِذَا عَاھَدْتُمْ(نحل/۹۱)
”جب تم الله سے کوئی وعدہ کرو تو وفا کرو“۔
توجہ طلب بات یہ ہے کہ بعض آیتوں میں امانت کی ادائیگی یا امانت میں خیانت نہ کرنے کا حکم دیا گیا ہے ۔ جبکہ زیرِ بحث آیت میں صرف ”امانت“ کا خیال رکھنے کا حکم دیا گیا ہے جو امانت کی مکمل حفاظت نگرانی اور صحیح ادائیگی دونوں پر محیط ہے، اس بناء پر اگر کبھی کسی امانت کے ضمن میں اس چیز کی اصلاح میں کوتاہی کی وجہ سے نقصان کا ڈر ہو تو امانت دار کی یہ ذمہ داری بھی ہوگی کہ مطلوبہ اصلاح بھی کرے تو یوں امانت کے ذیل میں تین کام سپرد کئے جاتے ہیں ۔
۱۔ ادائیگی ۲۔حفاظت ۳۔اصلاح
بہرحال یہ مسلمہ امر ہے کہ انسان کے اجتماعی نظام کی بنیادوں کی وفا امانتوں کی حفاظت اور ان کی ادائیگی پر ہے ۔ ورنہ معاشرے کا توازن بگڑ جائے گا اور ہر چیز درہم وبرہم ہوجائے ۔ یہی وجہ ہے کہ لادین افراد اور معاشرے بھی اپنے توازن کو برقرار رکھنے کے وعدہ خلافی اور امانت میں خیانت سے بچتے ہیں اور کم از کم اپنے مجموعی مسائل میں ان دو امور کی حفاظت اپنی ذمہ داری جانتے ہیں ۔
امانت کی اہمیت کے عنوان سے ہم اسی تفسیر کی جلد نمبر ۳ میں، سورہٴ نساء کی آیت ۱۸۵ ، اور جلد نمبر ۷ میں سورہٴ انفال آیت نمبر۲۷ کی تفسیر کے ذیل میں تفصیلاً بحث کرچکے ہیں، نیز وعدہ وفائی کے عنوان سے جلد ۴ میں سورہٴ مائدہ آیت ۱۱، اور جلد۱۱ میں سورہٴ نحل کی آیت۱۱ کی تفسیر کے ذیل میں مفصل لکھ چکے ہیں ۔
نویں آیت میں مومنین کی نمایاں صفت ذکر کرتے ہوئے ارشاد ہوتا ہے: وہ ایسے لوگ ہیں جو اپنی نمازوں کی حفاظت کے لئے کوشاں رہتے ہیں(وَالَّذِینَ ھُمْ عَلیٰ صَلَوَاتِھِمْ یُحَافِظُونَ) ۔
توجہ طلب نکتہ یہ ہے کہ مومنین کی بیان شدہ خصوصیت وصفت ”نماز میں خضوع وخشوع“ ہے اور آخری صفت ”نماز کی حفاظت“ مختصر یہ کہ مومنی کے اوصاف کی ابتداء بھی نماز ہے اور انتہا بھی نماز، کیونکہ نماز خالق ومخلوق کے درمیان بہترین رابطہ ہے، نماز اعلیٰ تربیت کا اعلیٰ سطح کا مدرہ ہے، نماز روح کی بیداری کا ذریعہ اور گناہوں سے بچاوٴ کا ذریعہ ہے، نماز رُوح کی بیداری کا ذریعہ اور گناہوں سے بچاوٴ کا ذریعہ ہے، مختصر یہ کہ اگر نماز تمام آداب وشرائط کے ساتھ ادا کی جائے تو تمام تر نیکیوں اور خوبیوں کے لئے قابلِ اطمینان وسیلہ بن جاتی ہے ۔
یہ بتانا بھی ضروری ہے کہ اس سلسلے کی پہلی اور آخری آیت دو مختلف مفاہیم پیش کررہی ہیں، پہلی آیت میں ”صلٰوة“ مفرد استعمال ہوا ہے جبکہ آخر میں ”صلوات“ جمع کی صورت میں آیا ہے، پہلی آیت رُوح نماز یعنی خضوع و خشوع اور ایک باطنی کیفیت کی اہمیت بیان کررہی ہے اور یہ وہ کیفیت ہے جو انسان کے تمام اعضاء وجوارج پر اثر انداز ہوتی ہے ۔
جبکہ آخری آیت نماز کے اوقات، آدابِ شرائط اور مقامِ نماز، تعداد وغیرہ کی اہمیت کو اُجاگر کررہی ہے، گویا کہ سچّے مومن نمازیوں کو ہدایات دے رہے ہیں کہ ہر ایک نماز کی ادائیگی کے عالم میں تمام مذکورہ آداب وشرائط کا لحاظ رکھنا از بس ضروری ہے، نماز کی اہمیّت کے بارے میں ہم اسی تفسیر کی جلد ۹ میں سورہٴ ہود آیت ۱۱۴، اور جلد۴ سورہٴ نساء آیت نمبر ۱۰۳، اور جلد نمبر ۱۳ سورہٴ طٰہٰ آیت ۱۴ تفسیر کے ذیل میں مفصل بیان کرچکے ہیں ۔ ملاحظہ فرمائیں ۔
مومنین کے نمایاں اوصاف کے بیان کے بعد نتیجةً بیان کیا جاتا ہے، وہی وارث ہیں (اٴُوْلٰئِکَ ھُمَ الْوَارِثُونَ) ۔
”فردوس“ لغوی طور پر اس لفظ پر کافی اختلاف پایا جاتا ہے کہ در اصل یہ کس زبان کا لفظ ہے، بعض اسے رومی زبان کا لفظ سمجھتے ہیں، بعض کے نزدیک یہ عربی کا لفظ ہے اور بعض کے خیال میں فارسی زبان سے آیا ہے، بہرحال اس کا معنیٰ باغ یا ایسا باغ جس میں زندگی کی تمام نعمات خداوندی موجود ہوں، بہرحال یہ ایسی بہشت بریں ہے جو جنّت کے بہترین باغوں میں سے ہے ۔
وارث ہونے سے شاید یہ مراد ہو کہ مومنین بغیر زحمت کے اس مقام تک پہنچ جائیں گے جس طرح انسان بغیر کسی زحمت وکوشش کے وراثت پالیتا ہے، یہ صحیح ہے کہ مومنین کو جنت تک پہنچنے کے لئے دنیا میں تزکیہٴ نفس کے عمل کو پورا کرتے ہوئے بڑی جانسوز مشقت اٹھانا پڑی، مگر فردوس بریں کی شکل میں جتنی عظیم کثیر اور اعلیٰ جزاء نہیں دی جائے گی اس کے مقابلے میں ان کے اعمالِ دُنیا گویا کچھ بھی نہیں اور یوں معلوم ہوگا، جیسے بغیر کچھ کئے ہی اتنا مل گیا ہو ۔
اس سلسلے میں پیغمبر اکرم صلی الله علیہ وآلہ وسلّم کی ایک حدیث پیش نظر رہنی چاہیے:
”ما منکم من اٴحد الّا ولہ منزلان: منزل فی الجنة منزل فی النار فان مات ودخل النار ورث اھل الجنة منزلہ“.
”تم میں سے ہر ایک شخص دوگھروں کا مالک ہے، ایک جنّت میں دوسرا جہنّم میں، اگر ایک شخص مرجائے اور دوزخ میں جائے تو اس کا جنّت والا گھر اہلِ جنّت کو ورثے میں مل جائے گا
”ورثہ“ کی اصطلاح کے ذیل میں مفسرین نے اس احتمال کو بھی بعید از قیاس نہیں جانا کہ یہ لفظ مومنین کے انجام کے طور پر استعمال کیا گیا ہے چونکہ ورثہ آخر کار ورثاء تک پہنچتا ہے ۔
بہرحال مندرجہ بالا آیتوں کے مطابق جنت کا یہ عالیشان درجہ ان مومنین کے لئے مخصوص ہے جو مذکورہ اوصاف کے حامل ہوں، رہ گئے دوسرے جنتی لوگ تو وہ نچلے درجے میں ہوں گے ۔
1۔ تفسیر صافی اور مجمع البیان، زیرِ بحث آیت کی تفسیر کے ذیل میں ۔
2 ۔ تفسیر مجمع البیان اور تفسیر فخر الدین رازی.
3 ۔ ”فروج“ ”فرج“ کی جمع ہے اور افزائش نسل کی طرف اشارہ ہے ۔
4۔ ویل ڈیورانٹ کی مشہور تاریخ ملاحظہ ہو ۔
5 ۔ تفسیر برہان، ج۱، ص۳۸۰.
6۔ تفسیر برہان، ج۱، ص۳۸۰.