Tafseer e Namoona

Topic

											

									  ۲۔ غلط پرو پیگنڈا، ایک بلا

										
																									
								

Ayat No : 17-20

: النور

يَعِظُكُمُ اللَّهُ أَنْ تَعُودُوا لِمِثْلِهِ أَبَدًا إِنْ كُنْتُمْ مُؤْمِنِينَ ۱۷وَيُبَيِّنُ اللَّهُ لَكُمُ الْآيَاتِ ۚ وَاللَّهُ عَلِيمٌ حَكِيمٌ ۱۸إِنَّ الَّذِينَ يُحِبُّونَ أَنْ تَشِيعَ الْفَاحِشَةُ فِي الَّذِينَ آمَنُوا لَهُمْ عَذَابٌ أَلِيمٌ فِي الدُّنْيَا وَالْآخِرَةِ ۚ وَاللَّهُ يَعْلَمُ وَأَنْتُمْ لَا تَعْلَمُونَ ۱۹وَلَوْلَا فَضْلُ اللَّهِ عَلَيْكُمْ وَرَحْمَتُهُ وَأَنَّ اللَّهَ رَءُوفٌ رَحِيمٌ ۲۰

Translation

اللرُتم کو نصیحت کرتا ہے کہ اگر تم صاحبِ ایمان ہو تو اب ایسی حرکت دوبارہ ہرگز نہ کرنا. اور اللہ تمہارے لئے اپنی نشانیوں کو واضح کرکے بیان کرتا ہے اور وہ صاحبِ علم بھی ہے اور صاحبِ حکمت بھی ہے. جو لوگ یہ چاہتے ہیں کہ صاحبانِ ایمان میں بدکاری کا چرچا پھیل جائے ان کے لئے بڑا دردناک عذاب ہے دنیا میں بھی اور آخرت میں بھی اور اللہ سب کچھ جانتا ہے صرف تم نہیں جانتے ہو. اور اگر اللہ کا فضل اور اس کی رحمت تمہارے شامل حال نہ ہوتی اور وہ شفیق اور مہربان نہ ہوتا.

Tafseer

									سازشی عناصر کا نفسیاتی جنگ کا ایک اہم طریقہ یہ ہے کہ وہ جعلی باتیں گھڑتے ہیں اور پھر اُن کا خوب پراپیگنڈا کرتے ہیں ۔ جو لوگ سامنے آکے مقابلے کی ہمت نہ رکھتے ہوں تو یہ ہتھکنڈا اختیار کرتے ہیں ۔ وہ لوگوں کی فکر کو مسموم کرتے ہیں ۔ انھیں اپنی طرف مشغول رکھنے کے لئے پراپیگنڈا کا سہارا لیتے ہیں اور لوگوں کی توجہ حساس اور ضروری مسائل سے ہٹادیتے ہیں ۔
نیک اور پاک لوگوں کی عزّت ووقار کو مجروح کرنے اور عوام کو ان سے دور کرنے کے لئے پراپیگنڈا اور کردار کشی ایک تباہ کن ہتھیار ہے ۔
زیرِ بحث آیات کی مشہور شانِ نزول کے مطابق منافقین نے پیغمبر اکرم صلی الله علیہ وآلہ وسلّم کی حیثیت ووقار کو داغدار کرنے کے جعلی پراپیگنڈا کا بزدلانہ طریقہ اختیار کیا، انھوں نے کسی موقع سے ناجائز فائدہ اٹھاتے ہونے آپ کی ایک زوجہ کی پاکدامنی کے خلاف پراپیگنڈا شروع کردیا، اس سے ایک اچھی خاصی مدّت تک مسلمانوں کے اذہان پریشان رہے، یہاں تک کہ ثابت قدم اور سچّے مومنین بھی سخت اذیّت میں تھے ۔ پھر خدا کی وحی ان کی مدد کے لئے آئی اور ایسا پراپیگنڈا کرنے والے منافقوں کی خوب خبر لی کہ جو سب کے لئے باعثِ عبرت بن گئی۔
جن معاشروں میں سیاسی گھٹن ہو وہاں پراپیگنڈا کا ہتھیار بہت موٴثر سمجھا جاتا ہے ۔ دوسروں سے انتقام لینے، کردار کشی کرنے، اعتماد کی فضا خراب کرنے اور بنیادی مسائل سے لوگوں کی توجہ ہٹانے کے لئے پراپیگنڈا کا سہارا لیا جاتا ہے ۔
یہ بات تو کافی نہیں کہ ہم ایسے پراپیگنڈا کے محرکات سے آگاہ ہوں بلکہ اہم تو یہ ہے کہ عوام کو ایسا پراپیگنڈا کرنے والوں کا آلہٴ کار بننے سے بچایا جائے اور انھیں اپنے ہاتھوں اپنی نابودی سے روکا جائے اور انھیں سمجھایا جائے کہ ایسی بات جہاں سنیں وہیں دفن کردیں ورنہ دشمن کی خوشنودی اور کامیابی کا باعث بن جائیں گے اور اس کے علاوہ دنیا وآخرت میں عذاب الیم کا مزہ بھی چکھنا ہوگا جیسا کہ زیرِ بحث آیات میں اشارہ کیا جاچکا ہے ۔