باطل کا انجام نابودی ہے
أَقِمِ الصَّلَاةَ لِدُلُوكِ الشَّمْسِ إِلَىٰ غَسَقِ اللَّيْلِ وَقُرْآنَ الْفَجْرِ ۖ إِنَّ قُرْآنَ الْفَجْرِ كَانَ مَشْهُودًا ۷۸وَمِنَ اللَّيْلِ فَتَهَجَّدْ بِهِ نَافِلَةً لَكَ عَسَىٰ أَنْ يَبْعَثَكَ رَبُّكَ مَقَامًا مَحْمُودًا ۷۹وَقُلْ رَبِّ أَدْخِلْنِي مُدْخَلَ صِدْقٍ وَأَخْرِجْنِي مُخْرَجَ صِدْقٍ وَاجْعَلْ لِي مِنْ لَدُنْكَ سُلْطَانًا نَصِيرًا ۸۰وَقُلْ جَاءَ الْحَقُّ وَزَهَقَ الْبَاطِلُ ۚ إِنَّ الْبَاطِلَ كَانَ زَهُوقًا ۸۱
آپ زوال آفتاب سے رات کی تاریکی تک نماز قائم کریں اور نماز صبح بھی کہ نماز صبح کے لئے گواہی کا انتظام کیا گیا ہے. اور رات کے ایک حصہ میں قرآن کے ساتھ بیدار رہیں یہ آپ کے لئے اضافہ خیر ہے عنقریب آپ کا پروردگار اسی طرح آپ کو مقام محمود تک پہنچادے گا. اور یہ کہئے کہ پروردگار مجھے اچھی طرح سے آبادی میں داخل کر اور بہترین انداز سے باہر نکال اور میرے لئے ایک طاقت قرار دے دے جو میری مددگار ثابت ہو. اور کہہ دیجئے کہ حق آگیا اور باطل فنا ہوگیا کہ باطل بہرحال فنا ہونے والا ہے.
باطل کا انجام نابودی ہے
شرک کے مسائل پر گفتگو تھی، مشرکوں کی سازشوں اور وسوسوں کا ذکر تھا، زیرِ نظر آیات میں نماز، توجہ الی اللہ، عبادتِ خدا اور اس کے حضور میں تضرع وزاری کا ذکر ہے، یہ سب کچھ شرک کے مقابلے کے لئے موثر عامل ہے اور انسانی قلب وروح سے ہر قسم کی شیطانی وسوسے دور کرنے کا ذریعہ ہے ۔
جی ہاں!نماز ہی ہے جو انسان کو خدا کی یاد دلاتی ہے، انسانی قلب وروح سے غبارِ گناہ کو صاف کرتی ہے اور شیطانی وسوسوں کو دور کرتی ہے ۔
پہلے ارشاد ہوتا ہے: زوالِ خورشید سے نصف شب تک نماز قائم کرواور اسی طرح قرآنِ فجر (یعنی نمازِ فجر)کیونکہ یہ وہ نماز ہے جس پر رات اور دن کے فرشتوں کی توجہ ہے( اٴَقِمْ الصَّلَاةَ لِدُلُوکِ الشَّمْسِ إِلیٰ غَسَقِ اللَّیْلِ وَقُرْآنَ الْفَجْرِ إِنَّ قُرْآنَ الْفَجْرِ کَانَ مَشْھُودًا)۔
”دلوک الشمس“ کا معنی نصف النہار سے زوالِ آفتاب ہے کہ جو نمازِ ظہر کا وقت ہے ، یہ ”دلک“ کے مادہ سے لیا گیا ہے اس کا معنی ہے” ملنا“ کیونکہ اس موقع پر سرج کی شدتِ تپش کے باعث انسان اپنی آنکھوں کو ملاتا ہے یا پھر یہ ترکیب ”دلک“ سے مائل ہونے اور جھکنے کے معنی میں ہے چونکہ سورچ اس موقع پر مقامِ نصف النہار سے مغرب کی طرف جھکتا ہے یا یہ کہ انسان اپنے ہاتھ کو سورج کے سامنے حائل کرتا ہے گویا اس کی روشنی کو اپنی آنکھوں سے دور کرتا ہے اور آنکھ کو دوسری طرف مائل کرتا ہے ۔
بہرحال مصادرِ اہل بیت (علیه السلام) سے پہنچنے والی روایات میں ”دلوک“ کا معنی زوالِ آفتاب ہی کیا گیا ہے ۔