Tafseer e Namoona

Topic

											

									  وہ قومیں جو نابود ہوگئیں

										
																									
								

Ayat No : 4-5

: الاعراف

وَكَمْ مِنْ قَرْيَةٍ أَهْلَكْنَاهَا فَجَاءَهَا بَأْسُنَا بَيَاتًا أَوْ هُمْ قَائِلُونَ ۴فَمَا كَانَ دَعْوَاهُمْ إِذْ جَاءَهُمْ بَأْسُنَا إِلَّا أَنْ قَالُوا إِنَّا كُنَّا ظَالِمِينَ ۵

Translation

اور کتنے قرئیے ہیں جنہیں ہم نے برباد کردیا اور ان کے پاس ہمارا عذاب اس وقت آیا جب وہ رات میں سورہے تھے یا دن میں قیلولہ کررہے تھے. پھر ہمارا عذاب آنے کے بعد ان کی پکار صرف یہ تھی کہ یقینا ہم لوگ ظالم تھے.

Tafseer

									اردو

ان دونوں آیتوں میں ان عبرت ناک سزاؤں کی طرف اشارہ کیا گیا ہے جو سابقہ آیات میں مذکورہ فرمانوں کی مخالفت کی وجہ سے دی گئیں ۔
نیز یہ فی الواقع متعدد قوموں کی سرگذشت کی ایک اجمالی فہرست ہے جسے قوم نوح، قوم فرعون، قوم عاد، قوم ثمود اور قوم لوط جن کا تذکرہ بعد میں آنے والا ہے ۔
اس مقام پر قرآن ان لوگوں کو جو انبیائے الٰہی کی تعلیمات سے روگردانی کرتے ہیں اور بجائے اپنی اور دوسرے افراد کی اصلاح کے، فساد کے بیج بوتے ہیں، انھیں شدّت سے تنبیہ کرتا ہے کہ وہ ذرا پچھلی قوموں کی زندگی پر نگاہ ڈالیں اور دیکھیں: ہم نے کس قدر شہر اور آبادیاں تباہ و برباد کردیں اور ان میں رہنے والے لوگوں کو نابود کردیا (وَکَمْ مِنْ قَرْیَةٍ اٴَھْلَکْنَاھَا) ۔
اس کے بعد ان کی ہلاکت کی کیفیت کو اس طرح بیان کرتا ہے : ہمارا درناک عذاب، رات (کی تاریکی) میں جبکہ وہ خواب راحت میں ڈوبے ہوئے تھے یا دن کے درمیانی حصہ میں اس وقت جبکہ وہ دن کے کاموں کے بعد استراحت کررہے تھے انھیں آپہنچا ( فَجَائَھَا بَاٴْسُنَا بَیَاتًا اٴَوْ ھُمْ قَائِلُون) ۔
اس کے بعد کی آیت میں بات کو آگے یوں بڑھاتا ہے: وہ لوگ جب گردابِ بلا میں گرفتار ہوتے تھے اور پاداش عمل کا طوفان ان کی زندگی کے آشیانہ کو اجاڑرہا ہوتا تھا تو وہ نخوت و غرور کی بلندی سے نیچے آتے تھے اور یوں کہتے تھے: ہم ستمگر تھے اور اس بات کا اقرار کرتے تھے کہ ظلم و ستم نے ان کا دامن تھام رکھا تھا ( فَمَا کَانَ دَعْوَاھُمْ إِذْ جَائَھُمْ بَاٴْسُنَا إِلاَّ اٴَنْ قَالُوا إِنَّا کُنَّا ظَالِمِینَ) ۔